آرٹیکلز معلومات

موبائل فون کا کیمرا

ہمارے ہاں سمجھا جاتا ہے کہ جو عام کیمرا یا موبائل فون کا کیمرا جتنے زیادہ میگا پکسل (Megapixel) رکھے، وہ اتنا ہی زیادہ اچھا ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ میگا پکسل بڑھنے سے کیمرے کی تصاویر کے معیار میں خاص بہتری نہیں آتی۔ وجہ یہ ہے کہ درحقیقت ایک تصویر کے معیار کا تعین اس بات پر ہوتا ہے کہ اس کا سنسر(sensor) کتنی روشنی اپنے اندر جذب کرنے کے قابل ہے۔

اگر ایک کیمرے میں بڑا سنسر لگا ہے تو اس کے معنی یہ کہ اس کے پکسل بھی بڑے اور زیادہ روشنی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یوں اس سے کھینچی گئی تصویر کا نتیجہ بہترین آتا ہے۔ اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے ، تصّور کیجیے آپ موسلا دھار بارش میں ایک چھلا پکڑے کھڑے پانی پکڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اب وہ چھلا جتنا بڑا ہوگا، اس کے لیے اتنے زیادہ قطرے پکڑنا آسان ہوگا۔ اس مثال میں چھلے سے مراد سنسر کو لیجیے۔ اس کا مطلب ہے، اگر کسی کم میگاپکسل والے کیمرے میں بڑے سنسر نصب ہوں تو وہ زیادہ روشنی جذب کرکے پندرہ یا اس سے زیادہ میگاپکسل والے کیمروں سے بھی بہتر تصویر اتارنے پر قادر ہو گا۔